|

وقتِ اشاعت :   April 23 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ سی پیک کے پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اس لیے یہ دشمن کو ایک آنکھ نہیں بھا رہا ہے اور وہ بلوچستان میں دہشت گردی کروا کر دنیا کو یہ بتانا چاہ رہا ہے کہ بلوچستان میں حالات خراب ہیں  لیکن دشمن یہ نہیں جانتا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی اور تعلق کے رشتے کی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا ہے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات دوہمسایہ ممالک کے مابین عام دوستی سے بڑھ کرہیں  اور ان دونوں ممالک کے مابین تعلقات و دوستی کے رشتے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ دونوں ممالک کے مابین اعتماد، یقین اور باہمی احترام کا رشتہ دراصل محبت، خلوص اور پیار کی کہانی ہے۔

اس عرصہ میں  دنیا میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئیں لیکن چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔ عالمی امور میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل جیسے اداروں میں چین نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔

اور اس کے موقف کی تائید کی۔ جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت چین نے مخلص دوست کی طرح پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دھماکے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں گی۔ اور جو عناصر اس میں ملوث ہوں گے ان کو عبرت ناک سزا دی جائے گی۔