|

وقتِ اشاعت :   June 26 – 2021

سابق بیٹنگ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم یونس خان کی عہدے سے الگ ہونے کی مزید وجوہات سامنے آ گئیں۔

ذرائع کے مطابق یونس خان اور  ایک کرکٹر کے درمیان اوے سیریز میں شدید جھگڑا ہوا، جھگڑے کے بعد یونس خان نے ٹیم سے کچھ وقت کے لیے قطع تعلق کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کا کرکٹر کے ساتھ جھگڑا ایک سے زائد بار ہوا اور یونس خان کے مینجمنٹ کے دیگر افراد کے ساتھ بھی معاملات اچھے نہیں تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ یونس خان کا مینجمنٹ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر گلے شکوے کا سلسلہ جاری رہتا تھا، یونس خان نے اوے سیریز میں ہی مزید کام نا کرنے کا کہہ دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق دورہ انگلینڈ کے دوران ہوٹل آئسولیشن میں تاخیر سے آنے کی ضد نے معاملات مزید بگاڑ دیے، ہوٹل آئسولیشن میں تاخیر سے آنے کا مطلب طے شدہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ طے شدہ پروٹوکولز کے باعث قومی اسکواڈ کو انگلینڈ میں 3 روز کی آئسولیشن کرنی ہے، ریڈلسٹ ممالک میں شامل ہونے کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کے لیے طے شدہ پروٹوکولز پر عمل در آمد ضروری ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک بیٹنگ کوچ تعینات کیا تھا تاہم چند روز پہلے دورہ انگلینڈ کے لیے روانگی سے قبل ہی یونس خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنی راہیں جدا کر لی تھیں۔