|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2021

یورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل  میچ  میں انگلش مداح کی جانب سے  ڈنمارک کے گول کیپر  پر لیزر لائٹ مارنے پر انگلش فٹ بال ٹیم کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔

 گزشتہ روز کھیلے گئے یو رو کپ کے سیمی فائنل  میچ کے آخری لمحات میں ڈنمارک  کےگول کیپر کے چہرے   پر  اسٹیڈیم میں موجود نامعلوم انگلش مداح کی جانب سے  ’لیزر لائٹ‘ ماری گئی،  خیال کیا جارہا ہے کہ اس کا مقصد گول کیپر کی پینالٹی روکنے کی کوشش کو  متاثر کرنا تھا۔

لیزر لائٹ مارنے کے بعد انگلش کھلاڑی نے کک لگائی تو کیپر نے روک لی تاہم دوسری کوشش میں گول ہوگیا۔

یورپی فٹبال فیڈریشن  یوئیفا نے  یوروکپ سیمی فائنل کے دوران ڈنمارک کے گول کیپر کو ’ لیزر  لائٹ ‘ مارنے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔  یوئیفا کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات یو ئیفا کی کمیٹی کرے گی۔

اس کے علاوہ برطانوی میڈیا  کے مطابق انگلش ٹیم پر   ڈنمارک کے قومی ترانے  کے دوران انگلش مداح کی جانب سے نامناسب رویہ اپنانے  اور  وقت سے پہلے آتش بازی کرکے قومی ترانے میں خلل ڈالنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔