|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2021

خضدار:  پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں بلوچستان نیشنل پارٹی جمعیت علماء اسلام مسلم لیگ ن کے ضلعی قائدین کا نمائندہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مہنگائی عوام دشمن حکومتی پالیسیوں اور ضلع خضدار میں انتظامیہ و دیگر محکموں کے عوام سے ناروا رویہ اور ناقص کارکردگی کے خلاف ایجنڈاز پر تفصیلی غوروخوض کرکے سخت حکمت عملی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں 28 اکتوبر کو خضدار میں پی ڈی ایم کے زیرِاہتمام چوتھی احتجاجی ریلی کے تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔

ا جلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے پریزیڈنٹ شفیق الرحمٰن ساسولی، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی نائب امیر مفتی عبدالقادر شاہوانی، مسلم لیگ ن کے رہنماء عبدالواحد موسیانی ودیگر نمائندگاں مولانا عبدالکریم متوکل، علی احمد شاہوانی، ٹکری خلیل الرحمان گرگناڑی، مولانا بلال احمد مردوئی نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت مسلم لیگ ن کے رہنماء عبدالواحد موسیانی جبکہ نظامت کے فرائض جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا عبدالکریم متوکل نے سرانجام دیئے۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کی گئی جس کی سعادت مولانا بلال احمد مردوئی نے حاصل کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ 28 اکتوبر بروزِ جمعرات بوقت 11 بجے بمقام جامع مسجد سے احتجاجی ریلی نکلے گی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے عالیجاہ چوک گزگی پہ جلسہ کی شکل اختیار کریگی۔ اس موقع پر پی ڈی ایم کے ضلعی قائدین نے ملکی اور بلوچستان بالخصوص خضدار کے عوامی مسائل ومشکلات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ 28 اکتوبر کے احتجاجی ریلی میں شرکت کیلئے پریس کلب، مزدور اتحاد میں شامل تمام یونیئنز، وکلاء، ڈاکٹرز، پروفیسرز، لیکچرارز، ٹیچرز، اسٹوڈنٹس، انجمن تاجران، انجمن معزوران، ٹرانسپورٹرز، اقلیتی برادری سمیت تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ کمر توڑ ہوشربا مہنگائی حکومتی غلط معاشی پالیسیوں کے خلاف بروز جمعرات 28 اکتوبر 2021 کو خضدار میں پی ڈی ایم کے احتجاجی ریلی میں شریک ہوکر عوام دوستی کا ثبوت دیں۔