|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2021

خضدار: پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں بلوچستان نیشنل پارٹی جمعیت علماء اسلام نیشنل پارٹی مسلم لیگ ن کے ضلعی قائدین کا نمائندہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مہنگائی عوام دشمن حکومتی پالیسیوں اور ضلع خضدار میں انتظامیہ و دیگر محکموں کے عوام سے ناروا رویہ اور ناقص کارکردگی کے خلاف ایجنڈاز پر تفصیلی غوروخوض کرکے سخت حکمت عملی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں 03 نومبر کو خضدار میں پی ڈی ایم کے زیرِاہتمام گرینڈ احتجاجی ریلی و جلسہ عام کے تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے پریزیڈنٹ شفیق الرحمٰن ساسولی، جمعیت علماء اسلام کے ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری مولانا عنایت اللہ رودینی، مسلم لیگ ن کے رہنماء عبدالواحد موسیانی ودیگر مولانا عبدالکریم متوکل مولانا بلال احمد مردوئی محمّدنواز حیات مینگل عبدالسلام نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت جے یو آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا عنایت اللہ رودینی جبکہ نظامت کے فرائض بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر شفیق الرحمٰن ساسولی نے سرانجام دیئے۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کی گئی جس کی سعادت مولانا بلال احمد مردوئی نے حاصل کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ 03 نومبر بروزِ بدھ بوقت 11 بجے بمقام جامع مسجد سے احتجاجی ریلی نکلے گی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے صابری مسجد صدیق اکبر چوک پہ جلسہ عام منعقد ہوگا۔ اس موقع پر پی ڈی ایم کے ضلعی قائدین نے ملکی اور بلوچستان بالخصوص خضدار کے عوامی مسائل ومشکلات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ 03 نومبر کے احتجاجی ریلی میں شرکت کیلئے پریس کلب، مزدور اتحاد میں شامل تمام یونیئنز، وکلاء ، ڈاکٹرز، پروفیسرز، لیکچرارز، ٹیچرز، اسٹوڈنٹس، انجمن تاجران، انجمن معزوران، ٹرانسپورٹرز، اقلیتی برادری سمیت تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ کمر توڑ ہوشربا مہنگائی حکومتی غلط معاشی پالیسیوں کے خلاف بروزِ بدھ 03 نومبر 2021 کو خضدار میں پی ڈی ایم کے احتجاجی ریلی میں شریک ہوکر عوام دوستی کا ثبوت دیں۔