|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2022

کورونا وائرس کا خطرہ پھر منڈلانے لگا ہے نئی قسم اومی کرون کے زیادہ کیسز سامنے آنے لگے ہیں ملک کے بیشتر شہروں میں اس کی شرح بہت زیادہ ریکارڈ کی جارہی ہے جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ ویکسی نیشن نہ کرنے والے علاقوںسے اومی کرون کے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں حالانکہ شہریوں کی سہولت کیلئے ویکسی نیشن سینٹر ہر جگہ قائم کیے گئے ہیں۔

تاکہ باآسانی شہری اپنا ویکسی نیشن کراسکیں مگر المیہ یہ ہے کہ کورونا لہر میںکمی کے بعد شہریوں کے دل ودماغ سے یہ وباء نکل چکی ہے اوروہ اسے ایک معمولی وباء کے طور پر لے رہے ہیں جو قطعاََ غلط ہے شہری اس وباء کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اپنا ویکسی نیشن یقینی بنائیں ورنہ اس حوالے سے آگے چل کر مشکلات بڑھیں گی کیونکہ این سی او سی کی جانب سے ایک بارپھر لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دیا جارہا ہے جس سے عام لوگ ہی متاثر ہونگے اگر لاپرواہی سے کام لیا گیا تو حکومت اس حوالے سے مجبور ہوگی کہ وہ دوبارہ سخت لاک ڈاؤن کی طرف جائے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے اومی کرون کے پھیلاؤسے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

ملک میں کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔گزشتہ روز سربراہ این سی اوسی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں کورونا کیسز کے اعدادوشمار،ویکسینیشن پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔ این سی اوسی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کراچی میں گزشتہ 3 روز میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے 6 فیصد ہوگئی۔این سی اوسی اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا ویکسین لگوانے والے افراد اومی کرون سے کم متاثر ہوتے ہیں۔ شہری کورونا کی پانچویں لہر سے بچنے کیلئے ویکسین لازمی لگوائیں۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔این سی اوسی اجلاس میں ویکسی نیشن کے لازمی نظام کے حوالے سے سخت اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں ضلعی سطح پر ویکسی نیشن کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبوں کو ویکسی نیشن کے مقررہ اہداف جلد حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

این سی اوسی حکام کا کہنا ہے کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ویکسی نیشن کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں اومی کرون کیسز کی تعداد 36ہوگئی۔اومی کرون کے 33 کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے۔ وفاقی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.91 تک پہنچ گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز 2650 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے، 236 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔ شہر میں مثبت کیسز کی شرح8.91فیصد ریکارڈ کی گئی۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں ویکسی نیشن کی شرح ملک میں سب سے کم ہے۔ کراچی میں صرف 40 فیصد لوگوں نے کورونا کے خلاف ویکسی نیشن کروائی ہے۔صوبائی حکومت کو ویکسی نیشن بڑھانے، اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔دوسری جانب سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ سندھ میں پچاس فیصد کوویڈ کیس اومیکرون ویرئینٹ کے ہیں۔گزشتہ دنوں 351 نمونوں کی مکمل جینوم سیکوینسنگ کروائی گئی، 175 اومیکرون ویرئینٹ سے متاثر پائے گئے۔ اس سے قبل سندھ حکومت نے سب سے پہلے کورونا وباء کے حوالے سے لاک ڈاؤن لگایا تھا جس کے بعد ملک بھر میں صورتحال خراب ہونے لگی تو پورے ملک کو اس کا سامنا کرناپڑا۔ خدارا موجودہ حالات کے پیش نظر لوگ اپنے جان ومال کی خاطر ویکسی نیشن کرائیں تاکہ آئندہ دنوں میں ان کے لیے مشکلات پیدا نہ ہوں۔