|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2022

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں حالیہ بارشوں نے شدید تباہی مچائی ہے بعض علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ مکانات کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ گوادر میں شدید بارش کے باعث لوگوں نے ایک جگہ سے دوسرے مقام پر منتقل ہونے کے لیے کشتی کا استعمال کیا ۔ نقصانات کے حوالے سے مکمل تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئی ہیں البتہ حکومتی سطح پر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ بلوچستان میں قدرتی آفات بارش یا زلزلہ کی صورت میں ہوں، عوام کو یہ شکوہ ہمیشہ رہتا ہے کہ انہیں بروقت اور مکمل ریلیف فراہم نہیں کیا جاتا جس کی بیسیوئوں مثالیں موجود ہیں ۔

آواران زلزلہ سے لیکر رخشان ڈویژن میں بارش یا قحط سالی سے ہونے والے نقصانات تک،عوام کو مجبوراََ وہاں سے نقل مکانی کرنا پڑا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بروقت عوام کو ریلیف فراہم کرے کیونکہ بلوچستان کے غریب عوام در در کی ٹوکریں کھانے پر مجبور ہیں جو مالی سکت بھی نہیں رکھتے ۔ بہرحال یہ خوش آئند امر ہے کہ مکران ڈویژن میں حالیہ ہونے والی بارشوں کے بعد انتظامیہ متحرک ہوچکی ہے۔مکران میں 6 جنوری تک بارشوں کے جاری رہنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظرضلعی انتظامیہ نے تینوں اضلاع کیچ تر بت، پنجگور اور گوادر میں تمام محکموں میں چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور تمام محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کردیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ PDMAسے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے اور لوگوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری امدادی اشیاء طلب کی ہیں اور جن علاقوں میں نقصانات ہوئے ہیں وہاں لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کا آغاز ہوچکا ہے

اور آئندہ کسی بھی صورتحال کے پیش نظر مزید امدادی اشیاء پہنچ رہی ہیں۔ کمشنر مکران کی طرف سے عوام الناس سے گزارش کی گئی ہے کہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ 6 جنوری تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تمام ماہی گیر 6 جنوری 2022 تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں اور اپنی کشتیاں ، انجن، جال اور دیگر ماہی آلات کو محفوظ بنائیں تاکہ کسی قسم کی نقصانات اور پریشانی سے دوچار نہ ہوں۔ گوادر اربن فلڈنگ سٹی میں پانی نکالنے کیلئےPDMA کی طرف سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن علاقوں میں سڑکیں بندہیں اورٹریفک کی روانی متاثر ہے وہاں پر MMD کو الرٹ جاری کیا گیاہے

اور ایریگیشن کو بھی الرٹ رہنے کیلئے کہاگیا ہے جہاں پر پروٹیکشن وال کمزور ہے وہ ٹھیک کروائیں اور تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جن لوگوں کو نقصانات ہوئے ہیں ان کو فوری طور امداد مہیا کی جائے۔ امید ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے جو بھی احکامات جاری کئے ہیں اس کے ثمرات عوام کو ضرور ملیں گے ماضی کی طرح عوام گلے شکوے کرتے دکھائی نہیں دینگے۔ متاثرہ علاقوں کو اولین فرصت میں امداد فراہم کی جائے اور ان کی بحالی کے حوالے سے بھی ہنگامی بنیادوں پر کام ہونا چاہئے تاکہ معمولات زندگی بحال ہوسکیں ۔ پی ڈی ایم اے کو ابھی سے متحرک ہونا چاہئے کیونکہ آئندہ دنوں میںمزیدبارش اور شدید برفباری کا بھی امکان ہے لہذا عوام کو کسی بھی پریشانی سے بچاؤ کیلئے پہلی فرصت میں مشینری اور عملہ ان علاقوں میں پہنچ جانا چاہئے تاکہ بروقت ہنگامی حالات سے نمٹا جاسکے اور کسی قسم کا مالی وجانی نقصان نہ ہو۔