|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2022

ڈیرہ اللہ یار: ماہ رمضان المبارک سے قبل ضلعی انتظامیہ نے عید گاہوں اور جامع مساجد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بلال شبیر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سلیم خان ڈومکی اور ایکسین پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ذاکر حسین جمالی نے مرکزی عید گاہ اور ریلوے گراونڈ عید گاہ سمیت جامع مساجد کا دورہ کرکے نکاسی آب صفائی ستھرائی اور پینے کے پانی کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا اس موقع پر چیف آفیسر سلیم خان ڈومکی نے میونسپل کارپوریشن کے سینٹری اسٹاف کو نکاسی آب کا مسئلہ فی الفور حل کرنے سمیت عید گاہوں کی صفائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر بلال شبیر نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں جامع مساجد امام بارگاہوں اور دیگر عبادتگاہوں کی سیکیورٹی بھی سخت کی جائے گی تراویح کے اوقات کار میں مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کے جوان تعینات ہونگے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے قبل روکا جاسکے اور نمازیوں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ماہ صیام میں اشیاء￿ خوردونوش پھل سبزیوں کی یومیہ بنیادوں پر قیمتوں کا جائزہ لیکر نرخ نامے جاری کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بابرکت مہینے میں زیادہ سے ریلیف فراہم کیا جاسکے تاجر برادری گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب برتیں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔