|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2022

کوہلو: ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان مگسی نے ونگ کمانڈر میوند رائفل لیفٹیننٹ کرنل مقتدیٰ حسین کے ہمراہ سب تحصیل گرسنی کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا اس موقع پر عمائدین و عوام نے علاقے کے بنیادی مسائل صحت ،تعلیم ،پانی و دیگر مسائل کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔

عمائدین و شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قربان مگسی نے کہا کہ علاقے کے عوام کو حکومتی سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کے دہلیز پر میسر کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

حکومتی اعلان کردہ ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہے،صحت ،تعلیم و پینے کے پانی جیسے بنیادی مسائل کے فوری حل کے لئے جامع منصوبہ بندی کررہے ہیں اس حوالے سے شہریوں ،عمائدین ،سماجی کارکن ،انتظامیہ و دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فرض کی ادائیگی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی بالخصوص اساتذہ کرام کا اپنے جائے تعیناتی پر حاضر ہونے سے قاصر رہنے کے سنگین کوتاہی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا ،سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم اور سہولیات کی فراہمی کے لئے عمائدین ،والدین سے تجاویز لی جارہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کتال ،گورنمنٹ بوائز ہائی سکول غلام رسول ڑنگ اور بنیادی مرکز صحت کتال گرسنی کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے اسٹاف کی حاضریاں چیک کی اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بند سرکاری تعلیمی اداروں گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول سیدال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول غلام رسول پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر اساتذہ کے تقرر و تبادلہ کراکے سکولوں کی فعالیت یقینی بنانے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کر دیئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ، ایف سی ،محکمہ تعلیم کے افسران اور علاقے کے عمائدین پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو سرکاری تعلیمی اداروں ، مراکز صحت اور پینے کے پانی کے منصوبوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے کر ہفتہ وار ڈپٹی کمشنر کوہلو کو رپورٹ دینے کا پابند رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر قربان مگسی اور ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل مقتدیٰ حسین کے ہمراہ ضلعی ناظم تعلیم جعفر زرکون، ضلعی تعلیمی آفیسر حفیظ اللہ مری، رسالدار میجر مولاداد ،وڈیرہ احمد نواز ڑنگ و دیگر تھے۔