|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2022

خاران: رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے ڈی جی ہیلتھ بلوچستان قاضی نور کے ہمراہ نرسنگ ٹریننگ کالج خاران کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد انور گولہ۔ایم ایس ڈاکٹر محبوب بلوچ۔ سابق ڈویڑنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شیر آحمد بلوچ۔سابق ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد انور بلوچ۔ ڈاکٹر بشیراحمد کبدانی۔ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر جاوید حسن سیاپاد۔ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر چاکر انور بلوچ ودیگر علاقائی معتبرین موجود تھے۔رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے نرسنگ ٹریننگ کالج کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرنے کے ساتھ ڈویڑنل ہیڈکوارٹر شیخ زاید ہسپتال کے ڈائیلاسز سینئر۔ وارڈ۔میڈیسن اسٹور کا بھی معائنہ کیا۔

جبکہ ایم ایس ڈاکٹر محبوب بلوچ نے ادارے سے متعلق بریفنگ دی۔رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا کہ ڈویڑنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں نہ صرف یہ کہ ڈاکٹرز، بلکہ نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو دور کی جائے گی بلکہ تمام بنیادی سہولیات اور ضروریات کو بھی پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم وتربیت سے بہت ساری متوسط طبقے کی خواتین کو مقامی اور ملکی سطح پر ملازمت کے مواقع میسر آسکتے ہیں۔

اس سلسلے میں نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے تعلیمی نصاب اور تربیتی طریقہ کار کو اس انداز سے ترتیب دیاجائے کہ وہ ملکی سطح کے امتحانات میں بھی کامیاب ہوسکیں۔ تاکہ ہمارے نوجوان بہتر معیار کے طریقہ کار اور طبی ضابطوں سے آگاہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا طب کے تعلیمی میدان میں قدم رکھنا اور عوام الناس کو سستی طبی سہولیات فراہم کرنا ہمارا مقصد اور وژن ہے۔ آج نرسنگ ٹریننگ کالج کی بنیاد رکھ کر ہم نے ایک اور وعدہ کو تکمیل تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ ٹریننگ کالج کو جدید ترین تعلیمی معیار اور طبی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور تعلیم و نسواں کی ترقی کا یہ سفرجاری رہے گا