|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2023

گوادر: گوادر میں وومن پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا گیا،اس سے قبل تربت اور کوئٹہ میں وومن پولیس اسٹیشن کھول دیے گئے، آئی جی پولیس بلوچستان،ڈی آئی جی پولیس مکران اور ایس ایس پی گوادر نے وومن پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی کالج اور یونیورسٹیوں میں پڑھنے والی خواتین پولیس جوائن کرلیں انہوں نے کہا کہ ج گوادر میں بلوچستان کی تیسری وومن پولیس اسٹیشن کا قیام کیا گیا ہے ۔

جو ایک خوش آئند بات ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین پولیس تھانے بڑی اہمیت رکھتے ہیں گوکہ بلوچستان کے زیادہ تر علاقے قبائلی ہیں لیکن یہاں پر پولیس میں خواتین کی نمائندگی انتہائی اہمیت رکھتی ہے،ہم نے کالج اور یونیورسٹیوں میں جاکر سروے کیا اور ہماری خواہش ہے کہ بلو چستا ن کی پڑھی لکھی خواتین پولیس جوائن کریں خواتین بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور انکی ایک بڑی تعداد ہے۔

اور انکے بھی مساوی حقوق ہیں اور خواتین کے کافی مسائل بھی ہیں جنہیں حل کرنے کے لیئے ہماری خواتین پولیس انتہائی اہم ہے انہوں نے کہاکہ ہم خواتین کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ پولیس کے شعبے میں خود کو محفوظ سمجھیں اس شعبے میں اقلیتی برادری کو بھی آنا چاہیے انہوں نے کہاکہ خواتین ملک کے ہرشعبے میں بہترین کردارادا کررہی ہیں اور خواتین پولیس تھانے قائم کرنے کا اصل مقصد یہی ہے کہ ایک عورت ہی دوسرے عورت کے مسائل کو بہتر سمجھ سکتی ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں مرد اپنی خواتین کو ڈاکٹری کے شعبے میں بھیجتے ہیں انہیں ٹیچربناتے ہیں لیکن انہیں پولیس کے شعبے میں کم بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جن خواتین کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہو وہ مردپولیس سے زیادہ اپنی شکایت خواتین پولیس سے بہتر اندازمیں بتاسکتی ہیں کیونکہ ایک عورت بس ایک عورت کے مسائل کو زیادہ بہتر سمجھ سکتی ہے اانہوں نے کہاکہ وومن پولیس اسٹیشن کے قیام میں ہمیں کسی بھی طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا نہیں پڑا ہے اور ابھی بہت سے لوگوں کو پتہ نہیں ہے کہ ہمیں وومن پولیس اسٹیشن سے کس طرح مددمل سکتی ہے جب لوگوں کو وومن پولیس اسٹیشن کی اہمیت کا پتہ چلے گا تو وہ خود اس طرف رجوع کرینگے۔