|

وقتِ اشاعت :   August 15 – 2023

  کراچی: نارتھ ناظم آباد میں بہادر شہری نے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ ملزمان کے ساتھ آنیوالی 16 سالہ لڑکی کو گرفتار کرلیا گیا۔

 نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی اشرف مسجد کے قریب کار سوار کی حاضر دماغی اور بہادری نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں نقدی چھیننے کی واردات ناکام بنا دی۔

شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔ ڈاکو اپنی ساتھی ملزمہ 16 سالہ لڑکی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے جسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد امجد کیانی نے بتایا کہ ذیشان نامی شہری بینک سے 19 لاکھ روپے لیکر گھر پہنچا ہی تھا کہ تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر رقم چھیننے کی کوشش کی۔

کار ڈرائیو کرنے والے شہری نے بھی لائسنس یافتہ کلاشنکوف نکالی تو ڈکیت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور انہوں نے جان بچانے کے لیے دوڑ لگادی، اسی دوران شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہگیر 45 سالہ خرم ولد شفیق زخمی ہوگیا جو قریب ہی زیر تعمیر عمارت میں کام کر رہا تھا جبکہ 2 ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

ڈاکوؤں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آنے والی ایک ملزمہ کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزمہ کی شناخت 16 سالہ ماریہ کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں بینک میں بننے والی فوٹیج میں گرفتار ملزمہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ بینک کے اندر بیٹھی ہوئی بھی دکھائی دی ہے۔

ملزمان نے باقائدہ ریکی کے بعد شہری کو لوٹنے کی کوشش کی اور خاتون ڈکیت ساتھی کے ہمراہ تینوں ڈاکو شہری کا تعاقب کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ تک پہنچے۔

ایس ایچ او امجد کیانی نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کا پولیس نے ویڈیو بیان ریکارڈ کیا ہے جس میں اس نے اپنے فرار ہونے والے ساتھیوں کے نام فرمان اور رشید بتائے ہیں۔ ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ گلشن غازی کی رہائشی ہے اور کرائے کے مکان میں رہتی ہے۔

ملزمہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کے والد جیل میں ہیں اور ایک ساتھی آصف سبزواری اسے ڈراتا دھمکاتا ہے جس کی وجہ سے وہ اس کے ساتھ آئی تھی۔ پولیس کے مطابق واردات میں ملوث ایک ساتھی کا نام آصف سبزواری معلوم ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آصف سبزواری ملزمہ کے گرفتار والد کے ہمراہ وارداتیں کرتا تھا جبکہ دوسرے ملزم کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔ ملزمہ کے بیگ سے موٹر سائیکل کی پنجاب رجسٹریشن کی پلیٹ بھی برآمد ہوئی ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔