|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2023

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کرسچن برادری کا تحفظ امت محمدی پرفرض ہے اور اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے جڑانوالہ کا دورہ کیا اور مسیحی برادری سے ملاقات کی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کوحلف لیے ہوئے 2 دن گزرے تھے اور یہ واقعہ ہوگیا، واقعہ پر بہت دکھی ہوں، آج آپ کے سامنے دل کی باتیں کرنے کے لئے حاضر ہوا ہوں۔
 

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی کا کسی مذہب،زبان یا علاقے سے کوئی تعلق نہیں، یہ انسانی رویہ ہے جو شیطان کی طرح روپ دھارتا ہے، سانحہ جڑانوالہ معاشرےمیں موجود ایک مرض کی نشاندہی کررہا ہے، کوئی بھی گروہ حملہ آور ہو گا تو ریاست ایکشن میں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاست کے قوانین مظلوم کے ساتھ ہیں، ایک دوسرے کے احساس سے ہی معاشرہ قائم رہتا ہے، کسی کو نہیں پتہ آنے والا کل کیا لیکر آئے گا، مستقبل میں آنے والا وقت کسی کے کنٹرول میں نہیں ہے، کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف سے ہی قائم رہ سکتا ہے، مجھے بہت خوشی ہوئی اگلے چیف جسٹس جڑانوالہ تشریف لائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بنانے میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے، ملٹری لیڈر شپ نے یقین دلایا اقلیتوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔