|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2023

مستونگ :  ضلعی انتظامیہ کا منشیات کے اڈوں کے خلاف کاروائی کاآغاز منشیات فروشوں کے کمین گاہوں کو بلڈوزر کر دیا۔

صوبائی حکومت کی منشیات کے مکروہ دیندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی احکامات کے بعد ڈپٹی کمشنر مستونگ عبدالرزاق ساسولی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطاء المنیم بلوچ کی سربراہی میں میجر رسالدار پیرمحمد علی زئی نے کیو آر ایف لیویز فورس کے ہمراہ ولی خان لیویز تھانہ کے حدود میں پڑنگ آباد کے علاقے میں بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے اڈوں پر سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا، کریک ڈاؤن میں منشیات فروشوں کے اڈوں کو مشینری کے زریعے مسمار اور کمین گاہوں کو نذر آتش کردیا۔

منشیات فروشوں نے اڈوں میں زیر زمین تہہ خانے بنائے تھے جہاں پر منشیات کے عادی افراد نشہ کرتے تھے۔

اس موقعے پر اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطاء المنعم بلوچ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ منشیات ایک لعنت ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے گھروں کے چشم و چراغ تاریک راہوں میں چلے جاتے ہیں اور منشیات کی لعنت میں مبتلا افراد چوری چکاری کے وارداتوں میں بھی ملوث ہوکر علاقے میں بدامنی کا باعث بن رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ منشیات کی مکروہ دھندے میں ملوث عناصر اور انکے اڈوں کے خلاف مزید سخت کاروائی کی جائیگی، ان عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں۔معاشرتی ناسور کے خاتمے کے لیئے تمام وسائل کو بروئے کار لائینگے۔