|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2023

کوئٹہ  : پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکر ٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے حقیقی رہنماء ہیں وہ نہ صرف صرف خود ایک پڑھے لکھے نوجوان ہیں بلکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور قائد جمہوریت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی وارث بھی ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے حقیقی رہنماء ہیں وہ ہی نوجوانوں کی امنگوں اور احساسات کی بہترین ترجمانی کرسکتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نہ صرف خود ایک پڑھے لکھے نوجوان ہیں بلکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور قائد جمہوریت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی وارث بھی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹ ڈالنے کے اہل افراد کی تعداد 12 کروڑ 69 لاکھ سے زیادہ ہے۔ جن میں 18سے 35 سال کی تعداد 5 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ہے یعنی 45 فیصد ووٹرز کی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد کسی ایسی سیاسی پارٹی سے اپنے مستقبل کی امیدیں کیونکر وابستہ کرے گی جن پارٹیوں کی قیادت کرنے والے قائد یا چیئرمین پہلے ہی ریٹائرمنٹ کی عمر سے کافی اوپر جاچکے ہیں؟ انہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کو لال بتی کے پیچھے لگا کر اپنی مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا ہے ان نوجوانوں کی قیادت کا حقیقی اہل نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع کی بلا امتیاز فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی اور ان کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کی مستقبل ہے آگے انہی نوجوانوں نے قیادت کی ذمہ داریوں کو سنبھالنا ہے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جدوجہد کے ذریعے نوجوانوں کی مستقبل کو محفوظ بنانے معیاری تعلیم و روزگار کے حصول میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔

تقریب میں صوبائی عہدیداروں، اراکین صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی، کوئٹہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ کوئٹہ، مختلف ذیلی ونگز کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کی 35ویں سالگر ہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔