|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2023

احتساب عدالتوں میں سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے خلاف مختلف نیب ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروا دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان سے نیب ترامیم کالعدم کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔

نیب کے تفتیشی افسران کی جانب سے آج مزید 18 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروا دیا گیا۔

80 ریفرنسز میں سے 44 کا ریکارڈ اب تک احتساب عدالتوں میں جمع کروایا جا چکا ہے۔

نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا ریکارڈ جمع کرایا جا چکا ہے۔

راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروا دیا گیا ہے۔

آصف زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کرایا گیا ہے۔

نیب کے تفتیشی افسران نے تینوں ریفرنسز اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3 میں جمع کروائے۔

احتساب عدالت کے حکام کی جانب سے جمع کروائے گئے نیب ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 15 ستمبر کو سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری دن آخری کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی کئی شقیں کالعدم قرار دے دی تھیں۔

سپریم کورٹ نے 50 کروڑ روپے کی حد سے کم ہونے پر ختم ہونے والے تمام مقدمات بحال کر دیے تھے اور تمام کیسز احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر ملک بھر کی احتساب عدالتوں کو نیب کی جانب سے ریفرنسز واپس بھیجے جا رہے ہیں۔