|

وقتِ اشاعت :   October 19 – 2023

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) سے اختلافات کی خبریں زیر گردش ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین پی سی بی سے ناخوش ہیں اور ان کے بورڈ کے ساتھ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تقرری پر اختلافات ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد انور کو قومی انڈر 19 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جبکہ انضمام الحق نے محمد یوسف کا نام تجویز کیا تھا۔

انضمام کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہ بورڈ سے الگ ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا چند ہفتے قبل پی سی بی کے ساتھ تین سالہ معاہدہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل محمد حفیظ بھی ٹیکنیکل کمیٹی کی رائے کو اہمیت نہ دیے جانے پر الگ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل کمیٹی کے ہیڈ مصباح الحق کو بھی اب دلچسپی نہیں رہی اور ان کا بھی پی سی بی سے وابستہ رہنا مشکل ہے۔