|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2023

فیفا مینز ورلڈکپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کی راہ ہموار ہوگئی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق آسٹریلیا نے آخری لمحات میں 2034 کے مینز فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کی بولی جمع کروانے سے انکار کردیا۔

جس کے بعد سعودی عرب کو فیفا ورلڈکپ 2034 کی میزبانی ملنے کا راستہ صاف ہوگیا۔

فیفا کی جانب سے 31 اکتوبر  ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن آسٹریلیا کے بولی جمع نہ کروانے کے فیصلے کے بعد سعودی عرب  فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی کا واحد امیدوار رہ گیا ہے۔

فٹبال آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے فیفا مینز ورلڈکپ2034 کی میزبانی کیلئے بولی لگانے کا سوچا تھا لیکن منگل کو ڈومیسٹک گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا 2034 کے بجائے ہم 2026 ویمنز ایشین کپ اور 2029 کے کلب ورلڈ کپ کیلئے بولیاں جمع کروائیں گے۔

واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس سے قبل سعودی عرب کو 2023 کے فیفا کلب ورلڈ کپ اور ایشیائی کپ 2027 کی بھی میزبانی مل چکی ہے۔

2026 کے فیفا ورلڈکپ سے یہ ٹورنامنٹ 48 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب ،مملکت کے اندر ہی2034 کے ایونٹ کے تمام میچوں کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے مکمل انتظامات کی یقین دہائی کرائی جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی واضح کی جاتی ہے کہ سعودی عرب 2018 سے اب تک 50 سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے جس میں فٹبال، موٹر اسپورٹس، گولف، الیکٹرانک اسپورٹس، ٹینس اور گھڑ سواری کے ٹورنامنٹس شامل ہیں۔