|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2024

کوئٹہ: مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے چیئرمین حاجی صادق خان اچکزئی نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کے گھر پرچھاپے چادر اورچاردیواری کے تقدس کی پامالی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ قبائلی روایات کے منافی اقدام میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے جہاں آباد تمام اقوام کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے لیکن پولیس نے گزشتہ رات بغیر کسی وجہ کے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کرچادراورچار دیواری کے تقدس کو پامال کیاجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہاکہ محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر چھاپہ صوبے کی بلوچ پشتون روایات کے منافی اقدام ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایک سیاسی و قبائلی رہنما کو انتقام کا نشانہ بنانا کسی بھی طرح درست اقدام نہیں ہے حکومت ایسے اقدامات سے اجتناب کرے جس سے عوام میں نفرت اور بددلی پیدا ہو