|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2024

 اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزارت امورِ سمندر پار پاکستانی و ترقیِ افرادی قوت اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) میں اصلاحات کا فیصلہ کرلیا۔

وزیرِ اعظم نے ملک گیر تکنیکی و فنی تعلیم کو یکسان کرنے اور بیرونِ ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کیلئے پاکستان اسکل کمپنی (Pakistan Skill Company) بنانے اور پاکستان اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے فوری قیام کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے پاکستان اسکل کمپنی اور پاکستان اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ کے قیام پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت کو عالمی معیار کی تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے NAVTTC کو مزید فعال بنایا جائے.

 

انہوں نے کہا کہ تمام تکنیکی شعبوں میں عالمی شہرت یافتہ اور بین الاقوامی سرٹیفیکشنز یقینی بنائی جائیں اور  نادرا و NAVTTC اور تمام صوبائی اداروں سے مل کر ملک میں اور بیرونِ ملک موجود افرادی قوت کا ایک مربوط اور منظم ڈیابیس بنایا جائے.

وزیرِ اعظم کی پاکستانی تکنیکی و فنی افرادی قوت کو بیرونِ ممالک روزگار کے حوالے سے کمپنیوں کے لائسنس رجیم میں بھی اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کمپنیوں اور لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو پاکستانی افرادی قوت کو دھوکہ دے کر انکو معاشی نقصان پہنچاتے ہیں. ایسے عناصر دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی کا باعث بنتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان میں تکنیکی و فنی تربیت کے شعبے کی اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی. کمیٹی شعبے کی مجموعی طور کیلئے سفارشات پیش کرے گی. کمیٹی وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقیِ افرادی قوت کی اصلاحات پر بھی سفارشات مرتب کرے گی.

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو NAVTTC کے پاکستان میں افرادی قوت کی تکنیکی و فنی تربیت کے حوالے سے اقدامات کے بارے بتایا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ NAVTTC رواں برس 60 ہزار افراد کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرے گا جبکہ اصلاحات مکمل ہونے کے بعد آئندہ تین برس میں کل 6 لاکھ افراد کو تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی.

اجلاس کو بتایا گیا کہ تکنیکی و فنی تربیت کیلئے نہ صرف بیرونِ ممالک سے روزگار کے مواقع اور درکار ہنر کی معلومات کا تبادلہ یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ مقامی صنعت سے بھی اس حوالے سے افرادی قوت کی کھپت کا ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ NAVTTC نے تکنیکی اور فنی تربیت کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی معیار کے شہرت یافتہ اداروں سے طلباء و طالبات کی سرٹیفیکشن لازمی قرار دے دی ہے. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے عین مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے نہ صرف وفاقی سطح پر کوٹہ مختص کیا گیا ہے بلکہ انکی خصوصی تربیت کیلئے علیحدہ پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کا آغاز رواں برس جون میں ہو جائے گا.

وزیرِ اعظم نے NAVTTC اور وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت کی اصلاحات پر فوری سفارشات مرتب کرنے کیلئے فوری طور پر ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی.

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *