|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2024

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے بارکھان میں کوئٹہ کے رہائشی بائیکر سے موٹر سائیکل، موبائل و نقدی چھیننے کے واقعہ کا نوٹس لینے کے بعد لیویز فورس نے متحرک کارروائی کے بعد 24 گھنٹے میں چھینی گئی ہیوی بائیک برآمد کرلی،

ڈپٹی کمشنر بارکھان فلائٹ لیفٹیننٹ(ر) بلال شبیر کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز عصر کے وقت چھپیر کے مقام پر پیش آیا جہاں مسلح افراد نے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے بائیکر عنایت اللہ ولد بسم اللہ خلجی سے موٹر سائیکل موبائل و نقدی چھین لی تھی واقعہ کی خبر وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کا حکم دیا

جس پر لیویز فورس تونسہ روڑ چھپر انچارج جمعیدار شاہ زمان کھیتران اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹے سے کم وقت میں تغاو روڑ کے پہاڑی علاقے سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد موٹر سائیکل برآمد کرلیا تاہم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ضلع انتظامیہ بارکھان کے حکام نے بتایا ہے کہ بائیکر کوئی ٹورسٹ نہیں بلکہ عام شہری ہے

جو کوئٹہ سے کوہ سلیمان توخ جاررہا تھا، لیویز فورس اس واقعہ کی مزید تفتیش اور ملزمان تک پہنچنے کے لئے کارروائی کررہی ہے، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر بارکھان اور کارروائی میں حصہ لینے والے لیویز کے جوانوں کو شاباش دی ہے دوسری جانب بائیکر عنایت اللہ ولد بسم اللہ خلجی نے فوری داد رسی پر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔