|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2024

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر بلوچستان کے ہر غریب و امیر شخص تک بلا امتیاز صحت کی معیاری سہولیات پہنچانے کے لئے محکمہ صحت میں جامع اصلاحات پر کام شروع کردیا گیا، سندھ میں حکومتی معاونت سے چلنے والے معیاری طبی اداروں کا ماڈل بلوچستان میں متعارف کرانے کے لئے حکومت بلوچستان کے اعلٰی افسران کی سندھ حکام سے ملاقات میں باہمی اشتراک کے تحت اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا ہے،

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان اور سیکرٹری خزانہ بابر خان سندھ کے تفصیلی دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور بلوچستان میں معیاری طبی اداروں کے قیام کے لئے چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور چیف منسٹر بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مابین کوئٹہ میں ہونے والی مشاورت کے تناظر میں عملی پیش رفت کے لئے تبادلہ خیال کیا وزیر اعلٰی سندھ نے محکمہ صحت بلوچستان کے افسران کو آگاہ کیا

کہ اس ضمن میں سندھ کے طبی اداروں کے سربراہان اور محکمہ صحت کے ذمہ اداروں کو واضح احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ بلوچستان میں ہیلتھ کئیر سسٹم کو فعال بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون و معاونت فراہم کریں، وزیر اعلٰی سندھ سے ملاقات کے بعد حکومت بلوچستان کے افسران نے سیکرٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ سے بھی ملاقات کی اور دونوں صوبوں کے اشتراک سے ہیلتھ کئیر سسٹم کی فعالیت سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔