|

وقتِ اشاعت :   April 2 – 2024

تربت:نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری، ضلع کونسل کیچ کے سابق چیئرمین حاجی فداحسین دشتی نے ضلع کونسل کیچ کی عدم فعالیت پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایک سال مکمل ہونے کو ہے مگر ضلع کونسل کیچ کا تعارفی اجلاس کے بعد کوئی باقاعدہ میٹنگ منعقد نہیں کی گئی ہے

، فنڈز نہ ہونے کے بہانے اجلاس نہ بلانا سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ اجلاس بلانے کیلئے تو فنڈز کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ اجلاس بلاکر فنڈز کے حصول کیلئے تجاویز اورمطلوبہ بجٹ کا ڈیمانڈ کرکے متعلقہ حکام سے فنڈز کا حصول ممکن بنائی جاسکتی ہے مگر یہ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے اجلاس طلب نہیں کرتے کیونکہ اجلاس میں تنقید کا سامنا کرنا ہوتا ہے

انہوں نے کہاکہ ضلع کونسل کے اپوزیشن ارکان کو چاہیے کہ وہ جلد اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرائیں اورکیچ کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کے حل کیلئے صوبائی حکومت سے مطلوبہ فنڈز کی ڈیمانڈ کریں، انہوں نے کہاکہ بارڈر کاروبار سے بلدیاتی اداروں کی مالی پوزیشن کومستحکم بنایا جاسکتا ہے کیونکہ اس وقت جو ٹوکن سسٹم رائج ہے اس سسٹم کے بجائے ڈپٹی کمشنرکیچ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں ضلع کونسل کے چیئرمین، میونسپل کارپوریشن کے میئر اور سول سوسائٹی ممبر شامل ہوں اوریہ کمیٹی بارڈر کاروبار سے ترقیاتی مد میں صوبائی حکومت کی منظوری سے نیشنل بنک میں ایک بنک اکاؤنٹ کھولے اور فی گاڑی 10ہزار روپے بینک چالان جمع کرنے کا پابند بنائے اور چالان جمع کرنے کے بعد اسے بارڈر پر جانے کی اجازت ہو

اس مد میں سالانہ اربوں روپے کی آمدنی ہوگی اس رقم سے ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن بہتر انداز میں نچلی سطح پر عوامی مسائل ومشکلات کو حل کرنے کے قابل ہوسکیں گے انہوں نے کہاکہ بینک چالان جمع کرنے کے بعد تمام علاقوں کے عوام کو شناختی کارڈ دکھاکر بارڈر پر جانے کی اجازت دی جائے۔