|

وقتِ اشاعت :   April 4 – 2024

کوئٹہ:بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں مبینہ طور پر شوہر اور سسر کے تشدد سے ہلاک ہونے والی حمیرا بی بی کے ورثاء اور السادات تحریک کے رہنمائوں نے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جمعرات کو ریڈزون سول سیکرٹریٹ کے سامنے عبدالستار ایدھی چوک پر دھرنا دیا

مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے جن پر حمیرا بی بی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف نعرے درج تھے۔ دھرنے میں اظہار یکجہتی کے لئے وکلاء برادری کے رہنماء میر عطاء اللہ لانگو سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حمیرا بی بی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ کرائم برانچ میں چلاکر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے

تاکہ لواحقین کو انصاف مل سکے۔ دھرنے کی وجہ سے روڈ بلاک ہونے کے باعث کوئٹہ کی مختلف سڑکوں پشین اسٹاپ، زرغون روڈ، ڈبل روڈ جعفر خان جمالی، وائٹ روڈ، پرنس روڈ پٹیل روڈ جناح روڈ سمیت ملحقہ سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاکئی گھنٹوں تک ٹریفک جام ہونے اور رش کی وجہ سے گاڑیاں کئی گھنٹوں تک پھنسی رہی۔ انتظامیہ اور حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کرکے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔