|

وقتِ اشاعت :   April 23 – 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لے کر چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قومی خزانے کے سیکڑوں ارب قانونی تنازعات کا شکار ہیں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی قبول نہیں کروں گا۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ اپنی عوام سے کئے گئے عہد کے تحت ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ملک و قوم کی ایک ایک پائی بچانے اور محصولات میں اضافے کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی۔

واضح رہے وزیرِ اعظم نے حکومت سنبھالتے ہی ایف بی آر اصلاحات کے جلد اور فوری نفاذ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹیکس ٹریبونلز میں اس وقت حکومت کے سیکڑوں ارب روپے کے کیسز زیر سماعت ہیں، وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس سے ان کیسز کو جلد نمٹائے جانے کی درخواست کی تھی۔

حال ہی میں اسلام آباد میں ایف بی آر کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ایسے ہی ایک کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر وزیرِ اعظم نے نوٹس لیا، وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی تھی۔ اب ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا میں ملوث چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران معطل کر دیئے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *