|

وقتِ اشاعت :   May 2 – 2024

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے دوران عوام دوست پراجیکٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ اس دوران ڈونلڈ بلوم نے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مریم نواز کو مبارکباد دی اور عوام دوست پراجیکٹس پرعمل کروانے پر تعریف بھی کی۔

ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی عوامی بہبود کے منصوبوں میں دلچسپی قابل ستائش ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنے کے خواہاں ہیں، امریکا اقتصادی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول فراہم کریں گے، صعنت، زراعت اور شعبہ آئی ٹی میں امریکی اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران سے مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے۔ حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آرہی ہے، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کے لیے حکمت عملی مرتب کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سستی روٹی فراہم کرنے کے لیے بھی حکمت عملی مرتب کی ہے۔ عوام کو بنیادی حقوق اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *