|

وقتِ اشاعت :   May 10 – 2024

جماعتِ اسلامی کے رہنما و سابق سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ وکیل بہادری سے کیس لڑ رہے ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی جلد رہا ہو سکتی ہیں۔

عافیہ صدیقی کیس کی سماعت کے بعد سابق سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سماعت کے بعد نئے راستے ہمارے سامنے آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ثابت ہو گیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی چابی اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے پاس ہے، حکمراں اور وزارتِ خارجہ سنجیدہ ہوں، عدالت اور وکلاء بہت تجاویز دے چکے۔

جماعتِ اسلامی کے رہنما مشتاق احمد نے کہا کہ امریکا میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں، آئندہ 5، 6 ماہ بہت اہم ہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے ان 5، 6 ماہ میں بہت کام ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے پاس بھی اختیار ہوتا ہے کہ وہ کسی کی سزا معاف کر دے، ماضی میں امریکا نے ایران اور روس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کیا۔

رہنما جماعتِ اسلامی مشتاق احمد نے کہا کہ یہ بہت آسان ہے جس کا کوئی نقصان بھی نہیں، مسئلہ حکمرانوں کی غیر سنجیدگی ہے، اگر یہ وقت ضائع کیا تو عوام موجودہ حکومت کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اقدامات سے ثابت کرے وہ اس عمل میں سنجیدہ ہیں، امریکا جا رہا ہوں، کوشش ہے کہ امریکی عوام، پاکستانی برادری اور میڈیا کے ذریعے ماحول بنا سکوں، ڈاکٹر عافیہ کی قید کو 21 سال گزر چکے ہیں، وہ انتہائی مشکل حالات میں ہیں۔

مشتاق احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ امریکا کی بدنامِ زمانہ جیل میں قید ہیں جو ہر قسم کے تشدد کے لیے مشہور ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں تو آئندہ 5، 6 ماہ میں عافیہ صدیقی کی رہائی ممکن ہو سکتی ہے۔

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *