متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے سابق صدر عارف علوی کے بیان پر ردعمل دے دیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ صدرِ پاکستان کے عہدے پر براجمان رہنے کے باوجود عارف علوی نے کچھ نہیں سیکھا، عارف علوی کی سیاست ایم کیو ایم پر الزام تراشی سے شروع اور اسی پر ختم ہو گئی۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر الزام تراشی کے بجائے 9 مئی کو ریاست کے خلاف سازش کا جواب دیں، 2018ء میں جعلی اور جبری مینڈیٹ پر صدرِ پاکستان بننے والے کیسے قانون اور انصاف کی بات کر رہے ہیں؟
ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عارف علوی سمیت ان کی جماعت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، 168 ارب کے پیکیج کا اعلان کراچی والوں کے ساتھ دھوکا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی اور ایم کیو ایم کو الگ کرنے کا خواب دیکھنے والوں کا انجام پوری دنیا دیکھ رہی ہے، پی ٹی آئی کو 2018ء میں کراچی کی 14 قومی اسمبلی کی نشستیں ایم کیو ایم سے چھین کر دی گئی تھیں جو دنیا جانتی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے یہ بھی کہا ہے کہ چھتری کے بغیر ان 14 نشستوں کا بھی وہی حال ہوا جو پوری پی ٹی آئی کا ہوا۔