|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2024

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن اور مہنگائی زوال پزیر ہے۔

پنجاب حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ 100 دن میں درست فیصلوں نے عوام کو مہنگائی کم کر کے بڑا تاریخی ریلیف دیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام کو سوچنا چاہیے کہ مہنگائی میں کمی پر بانیٔ پی ٹی آئی کو کیوں تکلیف ہوتی ہے، 100 دن میں روٹی 14 سے 12 روپے پر آ گئی۔

انہوں نے کہا کہ 100 دن میں نوجوان کے ہاتھ میں پیٹرول بم نہیں پھر سے لیپ ٹاپ دیے ہیں، نواز شریف آئی ٹی سٹی کی بنیاد 100 دن میں رکھ دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار رمضان پیکیج مستحقین کے لیے ان کی دہلیز پر پہنچایا گیا، 100 دن میں مہنگائی میں 17 فیصد کمی آ چکی ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ 100 دن میں ‎آٹا، روٹی اور گھی کی قیمت میں واضح کمی آ چکی ہے، پاکستان اور پنجاب کی پہلی سوشیو اکنامک رجسٹری قائم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواتین کا پہلا ورچوئیل پولیس اسٹیشن اور پورے پنجاب میں ڈے کیئر سینٹر فنڈ قائم کیا گیا ہے، پنجاب کا پہلا ای ماس ٹرانزٹ بس اور نوجوانوں کے لیے ای بائیکس سسٹم شروع کر دیا گیا ہے۔