|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

برطانوی پارلیمنٹ نے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی ثقافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نواز دیا۔

ماہرہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے 6 نومبر کو ایوارڈ دیے جانے کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس پر فخر کا اظہار بھی کیا۔

برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے سپر اسٹار اداکارہ کو ان کی عالمی سینما میں خدمات اور ثقافتی سفیر کے طور پر اہم کردار ادا کرنے کی وجہ سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ماہرہ خان کو ایوارڈ دینے کی تقریب برطانیہ کے ایوان زیریں (ہاؤس آف کامنز) کے چیمبر میں منعقد ہوئی، تقریب کی میزبانی پاکستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کی جب کہ تقریب میں مختلف پارٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔

ماہرہ خان کو ایوارڈ سے نوازے جانے کی تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اداکارہ نے ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اپنی خدمات کے اعتراف کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیا۔

ماہرہ خان نے بطور اداکارہ پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح انہیں نے صنفی تفریق کا سامنا بھی کیا، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنا مقام بنا کر دکھایا۔

ماہرہ خان نے بعد ازاں ایوارڈ ملنے کے بعد متعدد ارکان پارلیمنٹ، سیاست دانوں، سماجی کارکنان اور صحافیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

ماہرہ خان کو برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ایوارڈ سے نوازے جانے پر شوبز شخصیات نے بھی اداکارہ کو مبارک باد پیش کی۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں اور وہ ہمایوں سعید کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ’لو گرو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

چند دن قبل ماہرہ خان نے لندن میں ہونے والی ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی اور ہمایوں سعید کی فلم ’لو گرو‘ عید الفطر پر ریلیز ہوگی۔

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *