|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2019

ڈھاڈر: وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی رکن صوبائی اسمبلی چیف آف رند قبائل سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ جمہوریت کو بچانے کے دعویدار اصل میں اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے ایک پیج پر آئے ہیں ن لیگ اور پی پی پی کی حکومتوں نے عوام کو قرضوں کے منوں مٹی بوجھ تلے دبا دیا ملک کی معیشت کی ابتری کے ذمہ دار بھی یہی لوگ ہیں،ضلع کچھی میں حالیہ بارشوں کے بعد تباہی سے انتا ریلیف متاثرہ خاندانوں کو نہیں مل سکا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھاڈر کے قبائلی رہنماء وڈیرہ علی احمد رند کی جانب سے دیئے گئے افطار پارٹی کے بعد قبائلی عمائیدین اور پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب میں کیا اس موقع پر آغا الطاف احمدزئی،رئیس عبد الکریم رند،میر جیسل رند،وڈیرہ فدا حسین رند،میر غفار جتوئی،عبد الحئی گولہ،حاجی خان جتوئی اور دیگر قبائلی شخصیات موجود تھے۔

سردار رند نے کہا کہ حالیہ شدیدبارشوں نے ضلع کچھی میں وسیع پیمانے پر تباہی مچادی ہے ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے گھر اور انکی املاک کو نقصان اور لاکھوں ایکڑز پر پھیلی تیار فصلیں تباہ ہوئی ہیں حکومت کی جانب سے جتنا ریلیف انکو ملنا چاہیئے تھا وہ نہ مل سکا۔

انہوں نے ضلع کی تباہ حالی کے بعد عدم فنڈنگ پر تشویش کا اظہار بھی کیاجتنا ریلیف کے نام پر جتنا سامان سیلاب متاثرین کو دیا گیا یہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہیں انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کی تکمیل سے یہاں کے عوام کو روزگار کے مواقع میسر آسکے گے اور اس سے لاکھوں ایکڑز زمین سیراب ہونگے جس سے کچھی سمیت پورے صوبے میں خوشحالی آئیگی۔


انہوں نے مذید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے افطار ڈنر کے موقع پر جمہوریت کو بچانے کے دعویداروں کا اکھٹا ہونا در حقیقت اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے ایک پیج پر آئے ہیں۔

ن لیگ اورپی پی پی کی سابقہ حکومتوں کی وجہ سے ملک کی معیشت قرضوں کے منوں مٹی تلے دب گئی ہے جس کے ذمہ دار یہی لوگ ہیں اب یہ کس منہ سے عوام کے نام پر سیاست کرکے جمہوریت کو بچانے کے دعوے کر رہے ہیں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انشاء اللہ بہت جلد ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامذن ہوگا۔