|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2019

ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں تیزاب گردی کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے نامعلوم افراد نے مکان کی دیوار پھلانگ کر صحن میں سوئے ہوئے میاں بیوی سمیت دو سگے نوجوان بھائیوں پر تیزاب چھڑک دیا۔

دوسرے واقعہ میں ہوٹل پر چائے پینے کے لیے بیٹھے گاہک کو بیرے نے پانی کی جگہ تیزاب پلا دیا تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اللہ یار شہر کی ریلوے کالونی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب دیر سے نامعلوم افراد نے بیوہ سلمہ بی بی کے مکان کی دیوار پھلانگ کر گھر کے صحن میں چارپائیوں پر گہری نیند سوئے اہل خانہ پر تیزاب چھڑک دیا جسکے نتیجے میں میاں بیوی سلمان لغاری اسکی بیوی فرحانہ خاتون اور دو سگے بھائی عاشق علی اور نادر علی لغاری بری طرح جھلس کرشدید زخمی ہوگئے۔

واقعہ کے بعد ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے تیزاب گردی کے افسوسناک واقعہ میں جھلس کر شدید زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ اللہ یار منتقل کیا گیا جہاں پر انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان عاشق علی لغاری کے جسم کا 50فیصد نادر علی کا چہرہ اور نوجوان سلمان لغاری کے جسم کا 40فیصد حصہ بری طرح جھلس چکا ہے جنکا علاج جاری ہے سول اسپتال کے وارڈ میں زیر علاج تیزاب گردی کے متاثرہ نوجوانوں کی بیوہ والدہ سلمہ بی بی کا کہنا ہے کہ ہم غریب لوگ ہیں ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے نامعلوم افراد نے میرے بیٹوں بیٹی اور داماد پر تیزاب چھڑک کر ظلم کردیا ہے۔

انصاف کیا جائے جبکہ نوجوان عاشق علی نے بتایا کہ تین روز قبل دو افراد نے فون پر سنگین نوعیت کی دھمکیاں دی تھیں اور گزشتہ شب یہ واقعہ پیش آیا ہے دوسری جانب ڈیرہ اللہ یار کے اوستہ محمد چوک پر واقع مقامی ہوٹل میں منگل کی علی الصبح چائے پینے کے غرض سے بیٹھے سبزی فروش درمحمد ببر کو بیرے نے پانی کی جگہ پر غلطی سے تیزاب پلا دیا جسکے باعث درمحمد بیہوش ہو کر گر گیا۔

جس کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر طبی امداد کے بعد ہوش میں لایا گیا تیزاب گردی واقعات کے شبہ میں پولیس نے بیرے سمیت دو افراد کو زیر حراست لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔