|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2019

صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 4 دسمبر شام 4 بجے طلب کرلیا ہے ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پاکستان نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق (1) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔

اجلاس میں ایوان کی معمول کی کارروائی سمیت اہم قومی امور زیر غور لائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع کی منظوری دیتے ہوئے حکومت کو آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت آرمی چیف کی تقرری سے متعلق قانون سازی کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت آرمی چیف کی مدت میں توسیع سے متعلق قانون قومی اسمبلی اور سینیٹ سے باآسانی منظور کرالے گی۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی میں اپوزیشن بھی ساتھ دے گی کیوں کہ یہ سیاسی نہیں قومی معاملہ ہے، عدالت نے معاملہ پارلیمنٹ کو بھیج کر پارلیمنٹ کی بالادستی پر مہر لگائی ہے۔