|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2020

کوئٹہ : صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکس عملہ قوم کے مسیحا ہیں انکی خدمات قابل تحسین ہیں،کوئٹہ میں ڈاکٹرز کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر افسوس ہے۔

اس سے دل کو تکلیف پہنچی ہے، ڈاکٹروں کے مطالبات اورانکے ساتھ روئیے کا مداوا کیا جاناچاہیے، یہ بات انہوں نے پیر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ڈاکٹروں کی خدمات قابل تحسین ہیں ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اس عالمی وباء کے خلاف عوام اور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں انکے اس احسان کا بدلہ جھکانا ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ڈاکٹروں کی حوصلہ افضائی کی جانی چاہیے۔

جس طرح کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر تشدد کرکے انہیں گرفتار کیا گیا اس پر دلی تکلیف ہوئی اور واقعہ پر افسوس ہے ڈاکٹروں کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں پہنچنے والی تکلیف کا مداوا کیا جا نا چاہیے۔