|

وقتِ اشاعت :   May 2 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے یوم مزدور کی مناسبت اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مزدوروں کی چمڑی ادھیڑ کر انہیں خودکشی پر مجبور کیا کروڑوں نوکریاں اور لاکھوں مکانات کے دعویدار وں نے ملک کو عالمی دنیا کا معاشی غلام بنایا آج کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بھیک پر آس کئیے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں اور اقدامات نے مزدوروں کو زندہ درگور کردیا ہمارے تمام مسائل اور مشکلات کا حل قر آن وسنت کے عادلانہ نظام کے نفاذ میں ہے اس کے قیام کی جدوجہد میں حصہ ہر مسلمان کا فرض ہے 1کروڑ نوکریاں دینے اور50لاکھ گھر بنا کر دینے کے دعویدار حکمرانو ں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا اور ان کے سروں سے چھت چھین لی انہوں نے کہا ہر ادارے میں ہماریکارکن موجود ہیں جو مزدوری محنت کے ذریعے ملک کی خدمت کررہے ہیں اورمزدوروں کے مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کو خود کشی پر مجبور کردیا۔72سالوں سے ملک پر استحصالی طبقہ مسلط ہے 70فیصد غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیت مزدور گھروں، دکانوں پر کام کرنے والوں کو سوشل سیکورٹی، اولڈ ایج بینی فٹس کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور کم از کم تنخواہ18000 روپے دینے اور8گھنٹے اوقات کار کا پابند کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ میں مزدور اپنا کردار ادا کریں۔

جمعیت علما اسلام واحد جماعت ہے جو کرپشن، لوٹ مار سے پاک ہے اس کا ساتھ دیں انہوں نیکہاکہ جمعیت مزدوروں اور پسے ہوئے طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے جمعیت علما اسلام مظلوم طبقہ کی آواز ہے مزدور کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ استحصالی طبقہ سے نجات حاصل کئے بغیر ملک ترقی کرے گا نہ مزدوروں کے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ہوش ربا مہنگائی کے سبب عوام نان شبینہ کو محتاج ہو کر رہ گئے ہیں بیرونی قرضوں کے سبب روز مرہ کی ہر چیز میں کئی سو فیصد اضافہ ہو چکا ہے حکومت کے عوام کو دکھائے گئے خواب محض دیوانے کی بڑ اور نقش برآب ثابت ہوئے کروڑوں نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کے دعوے کرنے والوں نے بے روزگاری میں مزید اضافہ کیا اور عوام کو بے گھر کر دیا ہے حکومت کا سو روزہ پلان ریت کی دیوار ثابت ہوا انہیں سو سال بھی مزید دئیے جائیں تو نتیجہ صفر ہی نکلے گا اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے عوام دشمن حکومت مزید نہیں چل سکتی اور کرونا وائرس کی روک تھام اور انتظامات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام رہی۔