|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2020

خضدار: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بھارت دنیامیں ایک دہشت گرد ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آرہاہے، عالمی قوانین کو سبوتاژ کرکے دہشت گردی کو فروغ دینااور کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت سلب کرنا بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے۔ پچھلے سال بھارت نے کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے قوانین کو پائمال کردیا تھا۔

وہ مسلسل کشمیر میں کرفیو نافذ کرکے کشمیریوں پر جو ستم و ظلم ڈھارہاہے وہ اندھناک اور ناقابل بیان ہیں۔ بھارت اپنے متعصبانہ رویہ کو فروغ دیکر پاکستان کے صبر کا امتحان لے رہاہے۔ کشمیر سمیت قومی معاملات پر پوری پاکستانی قوم متحد او رسیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ اوربھارت کی جارحیت کے خلاف یک زبان و ایک بازو ہیں۔ بھارت طاقت کی گھمنڈ میں جس طرح عالمی قوانین کو روند کر اپنی اناء پرستی اور ہٹ دھرمی کو فروغ دے رہاہے۔

اس میں انہیں ایک دن ضرور پسپائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو کشمیر کے معاملے پرعالمی برادری کے ساتھ واضح اور دلیرانہ موقف کے ساتھ ڈسکس اور دنیاء کے سامنے بھارت کے چہرے کو سامنے لانا چاہیے۔ بھارت ایک بزدل ملک ہے جس کی کمزوری حالیہ دنوں میں کھل کر سامنے آگئی جب وہ چین کے سامنے بھیگی بلی بن کردفاعی پوزیشن پر چلا گیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی قوانین کا احترام کررہاہے اور تمام تر اصول و قوانین کی پاسداری کے تحت قومی امور کو آگے لیجارہاہے۔ جب کہ اس کے برعکس بھارت ہمیشہ قوانین کو سبوتاژ کرکے آگے بڑھتارہاہے۔عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے موقف کی تائید کرکے بھارت کو کشمیریوں پر ظلم و ستم سے روکے اور کشمیریوں کی حق خود ارادیت میں ان کا سہارا بنیں۔