کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی حریفوں سے نیب کے ذریعے انتقام ناقابل برداشت ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں بارش سے متاثرہ افراد کو بروقت ریلیف فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے بعد بلوچستان کے عوام خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔