پشاور: خیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران آرمی پبلک اسکول پر حملے کا سہولت کار صدام ہلاک ہوگیا جب کہ ملزم کے 6 ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
خیبرایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ شہاب علی شاہ نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی خیبرایجنسی کے علاقے جمرود میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے گیدڑ گروپ کا آپریشنل کمانڈر مارا گیا جب کہ کارروائی کے دوران اس کے 6 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے اہم انکشافات کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد صدام نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا جب کہ وہ خطرناک اور مطلوب دہشتگرد تھا جو پولیو ٹیموں پر حملے، طورخم چیک پوسٹ، سوات اسکاؤٹس پر حملوں، اسکولوں کو اڑانے اور قبائلی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔ واضح رہے کہ 16 دسمبر کو دہشتگردوں کی جانب سے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 132 بچوں سمیت 144 افراد شہید ہوگئے تھے۔سانحہ پشاور کا سہولت کار خیبرایجنسی میں کارروائی کے دوران مارا گیا، 6 ساتھی گرفتار
وقتِ اشاعت : December 26 – 2014