|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2020

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صوبے کے مقامی لوگوں کا میعار زندگی بلند کرنے کے لیے جنوبی بلوچستان کے نو اضلاع کے لئے 600 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف ان اضلاع کے لوگ خوشحال ہونگے بلکہ علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکرٹری زراعت قمبر دشتی، سیکرٹری ایمپلیمینٹیشن عبداللہ خان سمیت وفاقی حکومت کے آفیسرز و دیگر متعلقہ حکام نے بزریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی۔

مختلف اضلاع میں نرسنگ ریزیڈنشل کالجز کی تعمیر، ماربل،کرومائیٹ، گرینائٹ کی صنعتوں کا قیام، روڈ نیٹ ورک سمیت اہم منصوبے پیکیج میں شامل ہیں اس کے علاؤہ صوبے میں زراعت مقامی لوگوں کے لئے معاش کا اہم ذریعہ ہے جس کے لیے لوگوں کو پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ڈیمز بھی بنائے جائیں گے۔ جو اراضی کو سیراب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلیے ٹیلی ایجوکیشن کی سہولت بھی دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے مقامی لوگوں کی تقدیر بدل جائیگی۔ وزیراعظم پاکستان صوبے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ ہیں۔