|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2020

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان نے کہا ہے کہ کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں لہٰذا تمام قومی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو ضروری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

گورنر یاسین زئی نے کہا کہ مائی کے.کے. فاونڈیشن کے زیر اہتمام مائی سپورٹس ایوارڈ 2020 میں صوبے بھر کے مایہ ناز اور انٹرنیشنل ایوارڈ یافتہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا اقدام لائقِ تحسین ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے ایک مقامی ہوٹل میں مائی کے.کے(My K K Foundation) اور اے ڈبلیو کے (AWK) کی منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر بلوچستان بھر کے وہ مایہ ناز کھلاڑی جنھوں نے بین الاقوامی سطح کئی ممالک اور ملک کے دوسرے صوبوں میں ایوارڈز حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کے نتیجے میں آج ملک اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام عمل میں آیا ہے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ اپنی نئی نسل کی علمی اور فکری رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان کی مجموعی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ مرکوز رکھیں۔

انہوں نے صوبے کے پرانے فٹبال کے کھلاڑیوں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا. گورنر یاسین زئی نے مرحوم حاجی محمد یوسف خان خلجی کی اسپورٹس اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے خدمات کو سراہا. قبل ازیں انہوں نے مائی کے.کے. فاونڈیشن کے زیر اہتمام مائی سپورٹس ایوارڈ 2020 میں صوبے بھر کے مایہ ناز کھلاڑیوں اور منتظمین میں انعامات اور یادگاری شیلڈز تقسیم کئے۔