اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بطور وزیر داخلہ نواز شریف کو پیغام دینا چاہتاہوں کہ بس بہت ہوگیا ہے اب مزید کوئی گنجائش نہیں،ملک سے بڑھ اور کچھ نہیں ہے۔پیر کے روز میڈیا سے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم والے استعفے دیں بلکہ جتنا جلدی ممکن ہو دیں، اسلام آباد آنا چاہتے ہیں تو شوق سے آئیں، میں آپ کا منتظر ہوں، ہم وہ کریں گے۔
جس کا آئین اور قانون اجازت دیتاہے، 11 میں سے سوائے بلاول بھٹو زرداری اور اختر مینگل کے کوئی منتخب نمایندہ نہیں، جو الیکشن ہار جاتے ہیں وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں، محمود اچکزئی جہاں جاتے ہیں گل کھلاتے ہیں، کراچی میں اردو بولنے والوں کیخلاف بات کی لاہور میں بھی غیرذمے دارانہ بات کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان حکومت چھوڑ دے گا لیکن ان کو این آر او نہیں دے گا۔
اپوزیشن نے استعفے دینے ہیں تو بے شک دے دیں اور اگر اسلام آباد آنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی 2 ماہ کا وقت نہ دیں، کل پی ڈی ایم نے لاہور میں اپنی سیاست کا جنازہ نکالا ہے، کیوں کہ اہل لاہور نے کل ذمے داری کا ثبوت دیا، میں نے کہا تھا کہ بیچ منجدھار میں اپوزیشن کی کشتی ڈوبے گی، اب یہ اسلام آباد کا لانگ مارچ فروری میں لے گئے ہیں یہ آئیں اسلام آباد ان کا بھی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ لوگ لوٹی ہوئی رقم کو بچانے کیلیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں، افواج کے بارے میں نااہل سزا یافتہ اور مفرور غیرذمے دارانہ گفتگو کرتے ہیں، بطور وزیرداخلہ نوازشریف کو پیغام ہے بہت ہوگیا اب مزید نہیں، نوازشریف کو پیغام ہے اس ملک سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہے، اس لیے ہم ڈائیلاگ کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے، تاہم یاد رہے کہ عمران خان اپنی حکومت چھوڑ دے گا۔
وہ این آر او نہیں دے گا، این آر او اور نیب کے سوا وزیراعظم بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن کو سوشل میڈیا بتائے کہ جلسے میں کتنے لوگ تھے، استعفیٰ دینے کی بات کرتے ہو آپ عملاً تودیں ہم خیرمقدم کریں گے۔