|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام کوٹوال یونٹ کے امیر مولانا حافظ محمد یوسف خان باز ئی جنرل سیکرٹری حاجی محمد یوسف نائب امیر مولانا غلام نبی محمد ی سیکرٹری اطلاعات حاجی حبیب الرحمن پکتو ی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ 21 دسمبر بروز سموار جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ اور اپوزیشن جماعتوں کے زیر اہتمام عظیم الشان احتجاجی جلسہ عام ظالم حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکومت نے اپنے تمام تر دعوں سے یوٹرن لیتے ہوئے ملک کو بحرانوں سے دوچار کردیا ہے حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج ملک کے تمام ادارے تباہ ہو گئے ہیں معیشت تباہ حال ہے حکومت نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیاجبکہ موجودہ حکومت کاکام صرف اور صرف اپوزیشن کی آواز دبانا رہ گیا ہے انہوں نے کہا کہ21 دسمبر کو کوئٹہ کے جلسے عام سے پی ڈی ایم کے قائدین کا خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ۔

جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے کارکن 21 دسمبر کو اپنے قائدین اور جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق کی سرپرستی میں قوت کا مظاہرہ کرے گی انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام عوامی حقوق کی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جمعیت علمائے اسلام جہد و جہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ابتر حکمرانی کی وجہ سے آج نوبت یہاں تک آپہنچی ہے غریب عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہے انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے ظالمانہ پالیسیوں کے باعث آج لاکھوں لوگ بیروزگار اور فاقوں پر مجبور ہیں حکمرانوں نے ملکی معیشت ملکی استحکام کو کمزور کردیا ہے۔