کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا جلسہ مکمل طور پر فلاپ ہوچکا ہے حکومت گرانے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اقتدار کے حصول کیلئے جدوجہد کررہی ہے ملک میں حقیقی جمہوری الزام کی بجائے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے اور ملک میں حکومت کی مدت پوری کرنے کے خواہاں ہیں جو لوگ جمہوریت کے دعویدار جمہوری اور عوامی حکومت کا گرانا چاہتے ہیں یہ عوام کے خیر خواہ نہیں ہے یہ صرف اور صرف اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں اور جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ہے ان کی کرپشن چھپانے کے لئے جلسے و جلوس کئے جا رہے ہیں ۔
جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خواہاں ہے جولوگ آج اپنے مفادات کے لئے اکھٹے ہو کر جدوجہد کررہے ہیں۔
ان قوم پرستوں اور مذہب پرستوں کے دور حکومت میں بلوچستان ترقی و خوشحالی سے محروم رہیں آج جب بلوچستان عوامی پارٹی نے صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا تو یہی قوتیں صوبے کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے۔