کوئٹہ: انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ)میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ آزادی سے لیکر آج تک دشمنوں نے وطن عزیز کو تسلیم نہیں کیا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کے باعث وطن عزیز کو ایک سمت دی۔
بلوچستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے لیکن عوام کی حمایت سے فوج، ایف سی، لیویز اور پولیس کی عظیم قربانیوں سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بھارت میں مسلمانوں پر مظالم نے دو قومی نظریہ درست ثابت کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیارت ریزیڈنسی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش 25 دسمبر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، صوبائی وزرا انجینئر زمرک خان اچکزئی،میر ضیا اللہ لانگو، نور محمد دمڑ، پارلیمانی سیکرٹری سردار مسعود لونی، سینیٹر انوار الحق کاکڑ،کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل شاہ، آغا عمر احمد زئی و دیگر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی (نارتھ)میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے عظیم قائد کی یاد دلاتی ہے کہ جنہوں نے اپنی جدوجہد اور وطن کے جذبے سے ایک آزاد ریاست پاکستان قائم کیا کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری کی وجہ سے پروگرام محدود ہے تاہم ہمیں ایس او پیز کا خاص خیال رکھنا ہے۔
آزادی کے پہلے دن سے پاکستان کے دشمنوں نے وطن عزیز کو تسلیم نہیں کیا لیکن بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کے باعث وطن عزیز کو ایک سمت دی وطن عزیز کے وجود میں آنے سے لیکر آج تک ملک دشمنوں نے یہاں امن کو قائم رہنے نہیں دیا جس کی وجہ وطن عزیز بالخصوص بلوچستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
لیکن عوام کی حمایت سے فوج، ایف سی، لیویز اور پولیس کی عظیم قربانیوں سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بانی پاکستان قائد اعظم نے زندگی کے آخری ایام یہاں گزارے انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم نے دو قومی نظریہ درست ثابت کیا ہے۔
بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے قبضہ جمالیا لیکن پاکستان اور یہاں کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک طلبا و طالبات پاکستان کا مستقبل ہے آئے ملک کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔