کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹرمنظوراحمد کاکڑ ،بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے عوام کو آپس میں لڑاکر اپنے مفادات حاصل کئے بلوچستان کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں ہمیں نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرناہوگا کیونکہ۔
تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی پشتون قوم آپس میں اتحادو اتفاق کا مظاہرہ کریں تو انکے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کلی طور میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جلسہ سے اکبرخلجی نے بھی خطاب کیا۔اکبر خلجی نے بتایا کہ کلی طور کوئٹہ میں ہونے کے باوجود علاقے کے عوام تعلیم ،صحت، روڈ ،سیوریج سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں علاقے سے منتخب ہونے والے نمائندوں نے کامیابی کے بعد علاقے کے عوام کو پوچھا تک نہیں ہے۔
لالا یوسف خلجی نے کہا کہ پشتون اور بلوچ قوم کو ہمارے اپنے ہی لوگوں نے مذہب اور قوم پرستی کے نام پر بے وقوف بنایا اور الزام ہمیشہ پنجاب پر لگاتے رہے ہیںپشتون علاقوں کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا آج اکیسویں صدی میں بھی عوام پینے کے صاف پانی ،تعلیم ،صحت سمیت دیگربنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام سے ووٹ لینے والوں نے ہمیشہ عوام کو آپس میں لڑایا۔
اورانہیں تعلیم سے دور رکھا جبکہ اپنے بچوں کو دوسرے صوبوں اور بیرون ملک تعلیم دلارہے ہیں ۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ اگر پشتون قوم کو اپنی حالت بدلنی ہے تو انہیں متحد ہونا ہوگا اور اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرناہوگا کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کرسکتی ۔بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر منظوراحمدکاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قوم اور مذہب پرستوں نے عوام کو زئی اور خیلی کے نام پر لڑا کر اپنے مفادات حاصل کئے۔
اوراقتدار میں آنے والے قوم پرست اور مذہب پرستوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے صرف اپنی جیبیں بھریں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اعتماد کرتے ہوئے مذہب اورقوم پرستوں کو ووٹ دیا لیکن انہوں نے عوام کو اعتماد کو ٹھیس پہنچاکر اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے ۔انہوں نے کہا کہ کل تک ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے والے آج اپنے مفادات اور کرسی کے حصول کیلئے ایک ہی کنٹینر پر کھڑے ہیں۔
عوام انکے اصل چہروں کو پہچان چکے ہیں اورانکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ و وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے دور حکومت میں صوبے میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔
سابق کسی بھی وزیراعلیٰ نے اتنے ترقیاتی کام نہیں کرائے آج صوبے میں تعلیم ،صحت ، سپورٹس،مائننگ،زراعت اوردیگر شعبوں پر حکومت بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔