|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2021

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں مچھ کے علاقے گشتری میں کوئلے کی کان میں مزدوری کرنیوالے 11 مزدوروں کی ہلاکت کے دہشتگردانہ المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس انسانیت سوز واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ بیان میںکہا گیا ہے گزشتہ روزکوئلہ کی کان میں محنت کشی کرنیوالے ہزارہ برداری کے 11مزدورں کو انتہائی بے دردی کے ساتھ قتل کردیا گیا۔

اس طرح کے واقعات صوبے میںدہشتگردوں کے منظم ہونے کو عیاںکرتی ہے ۔ مذکورہ واقعہ دہشتگردی کے واقعات کا تسلسل ہے اورسلیکٹڈ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں؟ کیونکہ آج تک کسی بھی واقعہ میں ملوث دہشتگردوں اورجرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ نے پہلے بھی کہا تھا کہ اس صوبے پر دہشتگردی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

اس سے خدانخواستہ ہمارا صوبہ جل کر راک نہ ہوجائیں کیونکہ صوبے پر مسلط سلیکٹڈ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں اور انہیں عوام کی زندگیوں سے زیادہ اپنے آقائوں کی خوشنودی کی پرواہ ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ مچھ کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11معصوم کان کنوں کے خاندانوںکے غم میں برابر کی شریک ہیں اور ایسے واقعات کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں۔

پشتونخوامیپ ہر قسم کی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر انھیں سزا دی جائیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مختلف آپریشنز شروع کیئے گئے بالخصوص نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل نہ ہونے سے آج بھی دہشتگرد دیدہ دلیری کے ساتھ اپنے عوام دشمن کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ اچھے اور بُرے دہشتگرد کی تمیز ختم کرکے امن وامان کے قیام کیلئے اقدامات اٹھائیں جائیں اور عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔