|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2021

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر وسینیٹرمیرکبیر احمدمحمد شہی نے کہاہے کہ بلوچستان میں ایک بارپھر ماضی کے طرز پر ابتر حالات ،خواتین شیر خوار بچوں کے ساتھ میتوں کے ہمراہ سردی میں سراپااحتجاج ہیں لیکن وفاقی وزراء کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ،ہزارہ کمیونٹی ہم میں سے ہے،ریاست اور حکومتی اس اندوہناک واقعات کی روک تھام کیلئے موثر پالیسی تشکیل دیکر اقدامات اٹھائیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرمیرکبیر احمدمحمد شہی نے کہاکہ ہزارہ کمیونٹی کو ہمیشہ نقصانات اٹھانے پڑے ہیں ،2010ء کے بعد نیشنل پارٹی کے دور حکومت میں واقعات کا سلسلہ بند ہوا اب یہ سلسلہ پھر شروع ہواہے اس حوالے سے سوچنے کی ضرورت ہے ،یہ انتہائی اندوہناک واقعہ ہے ،ریاست اپنی پالیسیوں پرنظرثانی کرکے ایک پالیسی تشکیل دیں ۔

یہ بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں پیش آیاہے جہاں پولیس کسی کو تحفظ نہیں دے سکتی ،انہوں نے کہاکہ پہلے بھی ایسا واقعہ ہوا تھا تو وزیراعظم یہاں سے اپنے وزراء کے ہمراہ گئے تھے ایک بار پھر وہی حالات ہے ،اب تک نہ کوئی وزیراعظم ،وفاقی وزیر اور نہ ہی وزیراعلیٰ اور نہ ہی صوبائی وزیر ان کے پاس گئے ان سے ہمدردی کااظہار کیاگیاہے ۔آج دو ،دو سال ،پانچ ،پانچ سال کے بچوں کے ہمراہ خواتین میتوں کے ساتھ منفی 8،منفی 10کی سردی میں بیٹھے سراپااحتجاج ہے لیکن وفاقی وزراء کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔