کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کاروباری و اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاریہاں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔
اسلام اآباد میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طول و عرض میں بے شمارپوشیدہ وسائل موجود ہیں اسکے علاوہ جغرافیائی طور پر بھی بلوچستان کی ایک اہمیت ہے۔
گوادر پورٹ اور سی پیک کے باعث اس خطے کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے یہاں سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے بے شمار مراعات اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجر برادری ان مواقع سے فائدہ اٹھائے اور اپنے کاروبار کو بلوچستان میں وسعت دے، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس سلسلے میں ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال کی مدبرانہ قیادت میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے سرمایہ کار بلا خوف اپناسرمایہ یہاں لگا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبے میں منظم منصوبہ بندی کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ان اقدامات کی بدولت سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔