|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے مچھ میںہونے والے دہشتگرانہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت متاثرہ خاندانوںکو انصاف فراہم کرے ، اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے صوبے کے خزانہ پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والی حکومت اور سیکورٹی ادارے قیام امن میں ناکام ہوچکے ہیں۔

ہزارہ برادری سمیت صوبے میں کسی کی بھی جان ومال کو تحفظ حاصل نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں ڈھائی سالوں کے دوران جب بھی اپوزیشن اراکین نے امن وامان پر بحث کیلئے قرار داد جمع یا توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا حکومت اور وزراء نے راہ فرار اختیار کی حکومت راہ فرار اختیار کرنے کی بجائے ایوان کے بحث سے نتیجہ اخذکرکے موثر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بناتی تو حالیہ واقعہ پیش نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت 25 روپے فی ٹن کوئلہ پر ٹیکس وصول کرتی ہے جبکہ سیکورٹی ادارے پانچ سو روپے الگ سے وصول کرتے ہوئے جواز اختیار کرتے ہیں مذکورہ رقم امن وامان برقرار رکھنے کیلئے وصول کی جارہی ہے اگر امن وامان کیلئے پیسے وصول کئے جارہے ہیں۔

تو حالیہ واقعہ کیوںپیش آیا ؟انہوںنے کہا کہ بلوچستان حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف کاروائی عمل میںلاکر کیفرکردار تک پہنچائے اور جن کی غفلت اور کوتاہی سے حالیہ واقعہ پیش آیا ہے انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی متاثرہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔