|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی جان ومال کے تحفظ میں یکسر ناکام ہوچکی ہیں عوام طفل تسلیاں نہیں بلکہ عملی اقدامات چاہتی ہے وزیراعظم اپنی انا کی وجہ سے کوئٹہ آنے سے گریزاں ہیں انہیں مچ کے شہداء سے کوئی ہمدردی نہیں ہے،سانحہ مچ کے لواحقین تنہا نہیں پیپلز پارٹی انکے ساتھ کھڑی ہے۔

10جنوری نصیر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے کی میربانی پیپلز پارٹی کریگی کارکن جلسے کو بھرپور انداز میں کامیاب بنائیں ، یہ بات پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی و دیگر نے بدھ کو حاجی علی مدد جتک کی زیر صدارت ہونے والے پیپلز پارٹی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سانحہ مچ کے بعد پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال، 10جنوری کو نصیر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے مشاورت اور حکمت عملی مرتب کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سانحہ مچ پر حکومت کے علاوہ ہر آنکھ اشک بار ہے چار دن سے شہداء کے لواحقین میتوں کے ہمراہ شدید سردی میں احتجاج پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگھ رہی وزیراعظم اپنی اناکی وجہ سے مذاکرات کے لئے نہیں آرہے۔

انہیں معلوم ہے ان سے سانحہ مچ کے حوالے سے سوالات کئے جائیں گے جنکے جواب وہ نہیں دے پائیں گے چار دن گزرنے کے باوجود کسی قسم کی پیش رفت اور ملزمان کی گرفتاری نہ ہونا سوالیہ نشان ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ مچ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے پیپلز پارٹی لواحقین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ لواحقین کے ساتھ آخری دم تک کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومتیں اپنے آپ کو عوام کے سامنے جوابدہ نہیں سجھتیں پارٹی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے رویے کی مذمت کرتی اور مطالبہ کرتی ہے کہ سانحہ مچ کے لواحقین کے مطالبات کومن و عن تسلیم کرتے ہوئے حکومت اخلاقی طور پر مستعفی ہوجائے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں عوام حقوق اور حقیقی جمہوریت کی جدوجہد کی جنگ لڑ رہی ہے۔

پی ڈی ایم کے احتجاج کے دوسرے مرحلے میں 10جنوری کو نصیر آباد میں احتجاجی جلسہ ہوگا جسکی میزبانی پیپلز پارٹی کریگی اور جلسے کو بھر پور انداز میں کامیاب بنائے گی انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک کی ناکامی کے دعویداروں کو 10جنوری کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑیگی پی ڈی ایم تحریک حکومت کو اسکے انجام تک پہنچا کر سانس لیگی ۔